Sunday, September 8, 2024

گوانتانا موبے جیل سے مزید دو قیدی بوسنیا اور مونٹی نیگرو منتقل، بدنام زمانہ جیل میں قیدیوں کی تعداد اکانوے

گوانتانا موبے جیل سے مزید دو قیدی بوسنیا اور مونٹی نیگرو منتقل، بدنام زمانہ جیل میں قیدیوں کی تعداد اکانوے
January 22, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے گوانتانا موبے جیل سے مزید دو قیدیوں کو بوسنیا اور مونٹی نیگرو منتقل کر دیا  ہے، ان افراد کی منتقلی کے بعد بدنام زمانہ جیل میں قیدیوں کی تعداد اکانوے رہ گئی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے اعلان کے مطابق طارق محمود احمد السواح کو بوسنیا جبکہ عبدالعزیز عبدہ عبداللہ علی السویدی کو مونٹی نیگرو بھیجا گیا ہے۔ طارق محمود السواح مصر اور بوسنیا ہرزیگوینا کا جبکہ السویدی یمن کا شہری ہے، ان افراد کی منتقلی اوباما انتظامیہ کی جانب سے جیل بند کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ السویدی کی رہائی پر پینٹاگان کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت  انسان دوستی اور گونتاناموبے جیل بند کرنے کی کوششوں میں مدد دینے پر مونٹی نیگرو کی شکرگزار ہے۔ اکتالیس سالہ السویدی کو فروری  دو ہزار میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ محمود السواح کی گرفتاری دسمبر دو ہزار ایک میں عمل میں لائی گئی تھی اور اسے دو ہزار سات میں رہا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔