Thursday, April 25, 2024

گوادرکاشغر روٹ کی تبدیلی ملکی سالمیت اور بقا پر حملہ ہے:میاں افتخار حسین

گوادرکاشغر روٹ کی تبدیلی ملکی سالمیت اور بقا پر حملہ ہے:میاں افتخار حسین
May 1, 2015
کوئٹہ(ویب ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی ملکی سالمیت اور بقاءپر حملہ ہے اور اس قومی مسئلے پر سولہ مئی کو آل پارٹیز کانفرنس بلا ئی جائے گی۔ کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاری کا منصوبہ متنازعہ بن رہا ہے گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی پشتون بلوچ صوبوں کے عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ منصوبے سے صرف پنجاب کوسترفیصد فائدہ ہو گا انھوں نے کہا کہ اگر گوادر بلوچستان میں ہے تو حکومت جواب دے کہ اس منصوبے سے گوادر کے رہائشیوں کو کتنا فائدہ حاصل ہو گا حکومت کو چاہئےتھا کہ پہلے تمام صوبوں کے تحفظات کو دور کرتی اور پھر منصوبے پر دستخط کرتی ۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پاکستان میں ترقی کی مخالفت نہیں کرتی لیکن حکومت خود اس منصوبے کو متنازعہ بنارہی ہے اگر چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف وفاقی حکومت ہو گی ۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم بنیں نہ کہ صرف ایک صوبے کے گوادر کاشغر روٹ سے دیگر صوبوں کی احساس محرومیاں آسمان کی بلندیوں کو چھورہی ہیں گوادر کے نام پر ہونے والے منصوبے میں وہاں کی عوام تو درکنار عوامی نمائندوں کو بھی دور رکھا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی روٹ کی تبدیلی پر16مئی کو آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اس قومی مسئلے پر اعتماد میں لیکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ جب تک پرانے روٹ کو بحال نہیں کیا جائیگا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔