Thursday, April 25, 2024

گوادر کے نجی ہوٹل میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ،3دہشتگرد جہنم واصل ‏

گوادر کے نجی ہوٹل میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ،3دہشتگرد جہنم واصل ‏
May 12, 2019
گوادر ( 92 نیوز) گوادر کے نجی ہوٹل میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہو گیا ،  آپریشن میں تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پاک بھریہ کے ایک اہلکار اور ہوٹل کے چار ملازمین شہید ہوئے ۔ ملک دشمنوں کا ایک گھناؤنا منصوبہ ناکام ہو گیا، گوادو میں فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کرنیوالے تینوں دہشت گرد مار دیے گئے ہیں۔سکیورٹی فورسز نے ہوٹل کلیئر کردیا ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہوٹل کے چار ملازم  اور پاک نیوی کا ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ، پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ، تینوں دہشتگرد مار دیے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  حملے میں پاک بحریہ کے جوان اور ہوٹل کے 4 ملازمین شہید ہو گئے ۔ آرمی کے دو کیپٹن ، پاک بحریہ کے دو جوانوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد پی سی گوادر میں گھس کر وہاں موجود مہمانوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے۔گیٹ پر موجود سکیورٹی گارڈ نے دہشتگردوں کو روکا جس پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی، فائرنگ سے ہوٹل کا سکیورٹی گارڈ ظہور شہید ہو گیا ۔دہشت گرد آگے بڑھے اور فائرنگ کر کے ہوٹل کے مزید تین ملازمین کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والے ملازمین میں فرہاد،بلاول اور اویس شامل ہیں ۔ آرمی،نیوی اور پولیس کے دستوں نے موقع پر پہنچ کر ہوٹل ملازمین اور مہمانوں کو جائے وقوعہ سےبحفاظت نکالا ، فورسزنے حکمت عملی کے تحت   تینوں دہشت گردوں  کو محدود کر کے ٹھکانے لگا دیا۔ دہشتگردوں  کی جانب سے ہوٹل کی چوتھی منزل پر نصب کیا گیا دھماکا خیز مواد بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے ۔ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئےپاک بحریہ کا جوان عباس خان شہید جبکہ  آرمی کے دو کیپٹن  اور بحریہ کے دو جوان زخمی  ہوئے۔