Monday, May 6, 2024

گوادر کی 20سالہ انیتہ جلیل صوبے کی پہلی خاتون وی لاگر ہیں

گوادر کی 20سالہ انیتہ جلیل صوبے کی پہلی خاتون وی لاگر ہیں
October 20, 2018
گوادر( 92 نیوز) بلوچستان جو قدرت کے حسین نظاروں اور خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے، اسی خوبصورتی کو سوشل میڈیاکے ذریعے دنیا بھر میں دکھانے کیلئے اب خواتین بھی میدان میں اتر چکی ہیں ۔ موبائل فون کیمرے اور سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کے حسین نظاروں اور قدرتی خوبصورتی سے بھرپور وادیوں کی سیر کروانے والی یہ بلوچستان کے شہر گوادر کی رہائشی 20سالہ انیتہ جلیل ہیں  ۔ انیتہ جلیل  اس صوبے کی پہلی خاتون وی لاگر ہیں ، انیتہ کہتی ہیں کہ خواتین کیلئے کیمرے پر آنا یقیناً بلوچستان میں مشکل ترین مرحلہ ہے تاہم اپنے اس شوق کی تکمیل کیلئے والدین کو 3سال تک منانا پڑا۔ انیتہ جلیل کا کہنا ہے کہ شروع میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب میری بنائی گئی ویڈیوزکو بے حد پسند کیا جارہا ہے میری کوشش ہے کہ اپنے پسماندہ علاقوں میں خواتین کی تعلیم سمیت تمام ایشوز کو وی لاگ کے ذریعے اجاگر کروں۔ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں انیتہ جیسی ہونہار خواتین یقیناً امید کی پہلی کرن ثابت ہونگی ،جو اپنے فن کے ذریعے نہ صرف لوگوں تک اپنی آواز کو پہنچانے میں مددگار ثابت ہونگی بلکہ صوبے کا مثبت چہرہ بھی دنیا کے سامنے عیاں کرینگی۔