Thursday, March 28, 2024

گوادر پورٹ سے پریشان بھارت ایرانی بندرگاہ چابہار پر کروڑوں ڈالر خرچ کرے گا

گوادر پورٹ سے پریشان بھارت ایرانی بندرگاہ چابہار پر کروڑوں ڈالر خرچ کرے گا
May 21, 2016
لاہور (92نیوز) بھارت ایران کی بندرگاہ چابہار کی تعمیر پر بیس کروڑ ڈالرخرچ کرے گا۔ اس بندرگاہ سے بھارت کو ایران، افغانستان اور وسطی ایشیا تک رسائی حاصل ہو جائے گی اور افغانستان کراچی کی جگہ چابہار کو تجارت کےلئے استعمال کرسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے نے بھارت کو پریشان کر دیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے گوادر سے ایک سو کلومیٹر دور ایران کی چابہار بندرگاہ میں بیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کافیصلہ کیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں معاہدے پر پیر کو بھارتی وزیراعظم کے دورہ ایران میں دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت بھارت خلیج عمان کے ساحل پر واقع ایرانی بندرگاہ پر دو ٹرمینل اور کارگو برتھ تعمیر کرے گا۔ بھارتی وزیراعظم اس دورے میں بھارت، افغانستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور ٹرانسپورٹ راہداری کے معاہدے پربھی دستخط کریں گے۔ راہداری منصوبے کے تحت چابہار کو سڑک اور ریل کے ذریعے افغانستان کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ افغانستان کراچی کے بجائے ایرانی بندرگاہ کو متبادل کے طور پر استعمال کر سکے۔