Wednesday, April 24, 2024

گوادر پورٹ خطے اور دیگر ممالک کے لئے مضبوط معیشت کا باعث ہو گا ، چیف آف دی نیول سٹاف

گوادر پورٹ خطے اور دیگر ممالک کے لئے مضبوط معیشت کا باعث ہو گا ، چیف آف دی نیول سٹاف
June 21, 2019
اسلام آباد(92 نیوز) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 48 ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ سے متعلق اپنے وژن اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ آپریشنل تیاریاں اور مضبوط نظریہ ہی پاک بحریہ کو مضبوط پیشہ ورانہ قوت بنانے اور پاکستان کے بحری مفادات کی حفاظت کرنے میں مزید مددگار ثابت ہوں گے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے میری ٹائم اکانومی کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ نہ صرف ہمارے ملک بلکہ خطے اور دیگر ممالک کے لئے بھی مضبوط معیشت کا باعث ہو گا۔ آپ نے مسلح افواج کے آپریشنل عزم کو سراہا اور کہا کہ اللہ سبحان و تعالی پر غیر متزلزل ایمان کے ساتھ پاک بحریہ وطن کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے کورس کے شرکاء کو تاکید کی کہ وہ اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے لئے رہنمائی اسلام اور نظریہ پاکستان سے حاصل کریں۔ خطے اور بین الاقوامی جیو سٹریٹیجک صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ دنیا کو میری ٹائم ڈومین میں بیشمار خطرات کا سامنا ہے جن میں بحری قزاقی، غیر قانونی سمگلنگ اور دہشت گردی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا پاک بحریہ نے ہمیشہ دیگر بحری افواج کے ہمراہ مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی اور پاکستان نیوی کے آزادانہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے تحت بین الا قوامی پانیوں کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا ہے۔  چیف آف دی نیول سٹاف ، پاکستان نیوی وار کالج لاہور ، پاک بحریہ ، افسران ، خطاب قبل ازیں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی پاکستان نیوی وار کالج لاہور آمد پر کمانڈنٹ پی این وار کالج ، ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔