Friday, April 26, 2024

گوادر میں پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کیلئے ڈیموں کے مختلف منصوبے جاری

گوادر میں پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کیلئے ڈیموں کے مختلف منصوبے جاری
October 28, 2020

گوادر (92 نیوز) گوادر میں پینےکےپانی کی قلت دورکرنےکیلئے ڈیموں کےمختلف منصوبےجاری ہیں ، منصوبوں کی تکمیل سےشہر میں  پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

گوادر  میں  پینے کے پانی کی قلت  دور کرنے کیلئے ڈیموں کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے،دوسری جانب  نواحی علاقے  سوڑ ڈیم  کی تکمیل کے بعد گوادر  شہر کو  پانی  کی فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے ، آبی ماہرین کے مطابق منصوبوں کی تکمیل سے آنے والے دنوں میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔

جی ڈی اے کا تین ارب 50 کروڑ روپےکی لاگت سےشادی کور ڈیم پائپ لائن کا یومیہ 25 لاکھ گیلن پانی کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، ایک ارب روپے کی لاگت سے  ڈسٹری بیوشن پائپ لائنوں کیلئے سروی کا  منصوبہ  شامل ہیں  جبکہ   5 ارب 71 لاکھ   روپے  کی لاگت سے پچاس لاکھ گیلن کے ڈی سالینیشن منصوبے کے ڈیزائن کا ٹینڈر طلب کیا گیا  ہے۔

اس  کے علاوہ  3 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے سوڑ ڈیم پائپ لائن کی تکمیل کے بعد گوادرشہر کو یومیہ 16 لاکھ  گیلن پانی  کی فراہمی  شروع کردی گئی  ہے۔

گوادر شہر اور تحصیل جیوانی   کی آبی ضروریات پورا کرنے کے  لئے یومیہ 45 لاکھ گیلن پا نی کی ضرورت ہے، شہرکےنواح  میں واقعہ انکاڑہ اور سوڈ ڈیم  سے اس وقت  32 لاکھ  گیلن  پانی  فراہم  کیاجارہا ہے،ماضی میں آبی ذخائر میں کمی کےباعث اکثر اوقات شہریوں کو  پانی کے مسائل کا سامنا رہتا تھا ،معززین شہر نے آبی منصوبوں کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

آبی ماہرین کے مطابق  آبی  منصوبوں کی تکمیل کے بعد   ڈیڑھ کروڑ گیلن پانی یومیہ دستیاب ہوگا جو نہ صرف گوادر  شہر بلکہ  تحصیل  پسنی اور  جیوانی سمیت ملحقہ علاقوں  میں آبنوشی کا مسئلہ مستقل  بنیادوں پرحل ہوگا۔