Friday, April 19, 2024

گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے سعودیہ سے مذاکرات جاری ہیں،خسرو بختار

گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے سعودیہ سے مذاکرات جاری ہیں،خسرو بختار
December 11, 2018
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی  اور  ترقی و اصلاحات کا کہنا ہے کہ گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے سعودیہ سے مذاکرات جاری ہیں ۔حکومت کی گوادر بندرگاہ کو بلیو اکانومی کے اصولوں کی بنیاد پرترقی اولین ترجیح ہے۔ اقتصادی راہداری سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ  حکومت گوادر میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے پرعزم ہے، سی پیک کے تحت گوادر میں بجلی، انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبوں کے ساتھ ساتھ اہم منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے گوادر عالمی شہروں کی فہرست میں اپنا منفرد مقام حاصل کرلے گا۔ جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ  گوادر میں آئل ریفائنری کے علاوہ ساحلی علاقے اور ساحلی سیاحت کے ساتھ ماہی گیری اور سمندری غذا کےلئے آبی زراعت کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر ایئر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر ماسٹر سٹی پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادر ہستال کی اپ گریڈیشن اور آبنوشی منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادردنیا کے جدید شہروں کے صف میں شامل ہوجائے گا، حکومت پاکستان نے بلوچستان کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود، انفراسٹرکچر، توانائی اور صحت کی سہولیات سمیت گوادر کی ترقی پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ بیان میں کہا گیاکہ  سی پیک کی صورت میں جاری منصوبہ نہ صرف علاقائی روابط کیلئے اہم ہوگا بلکہ بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام صوبوں کی تقدیر بد ل کررکھ دے گا۔