Saturday, April 20, 2024

گوادر : ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن بے نقاب ہو چکے : وزیراعظم

گوادر : ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن بے نقاب ہو چکے : وزیراعظم
September 1, 2016
گوادر (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن بے نقاب ہو چکے۔ راہداری منصوبہ دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہا۔ دشمنوں کے ناپاک ارادوں کا مقدر ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔ بلوچستان کی خوشحالی ہماری منزل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہلو سبی روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے گوادر فری زون منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے آج بلوچستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آ کر دلی خوشی ہوئی۔ چین اور پاکستان کی دوستی ہر طرف نظر آرہی ہے۔ ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔ گوادر پاکستان کا سب سے خوشحال شہر بننے جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے گوادر میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے عظیم الشان اقتصادی راہداری منصوبے پر روشنی ڈالی اور اسے خطے کی ترقی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایک خوشحال ترین شہر بننے جا رہا ہے۔ جدید ائیرپورٹ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ نئی تاریخ رقم کر ے گا۔ پچاس ہزار لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ گوادر موٹر وے بھی اپنی مثال آپ ہو گی۔ اس موقع پر انہوں نے ملکی ترقی کا نقشہ بھی کھینچا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ 2018ءتک ختم ہو جائے گی۔ دہشت گردوں کا حال بھی سب کے سامنے ہے۔ دہشت گردی کا ہاتھی مار گرایا۔ دم باقی ہے بس۔ ملک میں امن و امان کے لیے دن رات ایک کر رہے ہیں توقع ہے تمام چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے تقریب کے اختتام پر چین زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔