Monday, September 16, 2024

گندے پانی سے جنازہ گزارنے کا کیس ، مقامی رکن قومی، صوبائی اسمبلی عدالت طلب

گندے پانی سے جنازہ گزارنے کا کیس ، مقامی رکن قومی، صوبائی اسمبلی عدالت طلب
March 26, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر وائرل جنازے کی تصویر پر ازخودنوٹس کی سماعت کے دوران مقامی رکن قومی و صوبائی اسمبلی اور میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کو طلبی  کے نوٹسز جاری کر دیئے ۔

 چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سوشل میڈیا پر وائرل جنازے کی تصویر پر ازخود نوٹس کی سماعت کی ۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جس جگہ کی تصویرتھی وہاں کے کونسلرعدالت میں ہیں ۔

 چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیکھا ہے کہ علاقے میں کیا ہو رہا ہے؟،اس مسئلے کو حل کرنا آپ لوگوں کا کام ہے ، گندگی کی وجہ سے جنازہ لے جانے والوں کے کپڑے ناپاک ہو گئے ۔

 اس پر کونسلر حجرہ شاہ مقیم نے عدالت کو بتایا کہ ہم خود بھی جنازے میں شریک تھے، لینڈ مافیا نے جنازہ گاہ اورقبرستان پر قبضہ کر رکھا ہے،حجرہ شاہ مقیم کے پارک کو پلاٹس بنا کر فروخت کیا جا رہا ہے ۔

 چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ حجرہ شاہ مقیم میں ایم این اے اورایم پی اے کون ہیں؟ جس پر کونسلر نے عدالت کو بتایا کہ راﺅ محمد اجمل ایم این اے اور رضا گیلانی ایم پی اے ہیں،دونوں ارکان اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ۔

 چیف جسٹس نے کہا کہ دونوں ارکان اسمبلی کو بلا لیتے ہیں ۔

 سپریم کورٹ نے کونسلرز کو تحریری شکایت جمع کرانے کی ہدایت کر دی اور ایم این اے راﺅ محمد اجمل ، ایم پی اے رضا گیلانی اور چیئرمین بلدیہ ذوالفقار شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ۔