Tuesday, April 23, 2024

گندھارا تہذیب کاسب سے بڑامجسمہ سوئٹزرلینڈ بھیجا جائیگا

گندھارا تہذیب کاسب سے بڑامجسمہ سوئٹزرلینڈ بھیجا جائیگا
November 25, 2018
پشاور( 92 نیوز)گندھارا تہذیب کا سب سے بڑا مجسمہ پشاور کے عجائب گھر سے نمائش کے لئے سوئٹزرلینڈ بھیجا جا رہا ہے۔ انتہائی نادر اور قیمتی مجسمے کی نمائش سے جہاں پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آئے گا، وہیں سیاحوں کو پاکستان آنے کی ترغیب بھی ملے گی۔ جنوبی ایشیاء کے قدیم ترین زندہ شہر پشاور میں اربوں مالیت کا ایک ایسا مجسمہ موجود ہے جسے دنیا بھر میں سب سے بڑا سٹینڈنگ بدھا مجسمہ تصور کیا جاتا ہے، ایک صدی قبل 1907 میں دریافت ہونے والا یہ مجسمہ اس وقت پشاور کے تاریخی عجائب گھر کی زینت ہے۔ بین الاقوامی اہمیت کا حامل یہ مجسمہ سوئٹزرلینڈ میں 11 دسمبر کو ہونے والی نمائش میں ڈسپلے کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس قیمتی مجسمے کو پہلی بار ملک سے باہر عالمی نمائش کے لئے بھیجا جا رہا ہے۔ دو ہزار سال پرانے اس مجسمے کو مردان کے علاقے سری بھلول، تخت بھائی کے کھنڈرات میں دریافت کیا گیا۔ محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق سیاحتی ملک ہونے کے ناطے اس اہم مجسمے کی نمائش سے آثار قدیمہ میں دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے، مجسمے کے ساتھ وزیر سیاحت و آثار قدیمہ محمد عاطف، سیکرٹری ٹورازم اور ڈائریکٹر آرکیالوجی کو  بھی سوئٹزرلینڈ آنے کی دعوت دی گئی ہے۔