Thursday, May 9, 2024

گندم کی درآمد اور بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ

گندم کی درآمد اور بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ
June 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) گندم کی درآمد اور بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ ہوگیا، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کہا گیا ہے کہ گندم کی بیرون ملک اسمگلنگ ہر صورت میں روکی جائے گی۔

ملک میں گندم کی پیداوار کم ہونے پر قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں گندم  کی ضروریات پوری کرنے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

آٹے اور گندم کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کیلئے فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندیاں فوری طور پر اٹھالی جائیں گی اور چیک پوسٹیں ختم کر دی جائیں گی ۔

اجلا س میں فیصلہ کیا گیا نجی شعبے کے ذریعے گندم کی درآمد کی اجازت دی جائے گی، درآمد پر عائد ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی، اس وقت گندم کی درآمد پر چھ فیصد اور اضافی دو فیصد ڈیوٹی عائد ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم اور آٹے کی  بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی، ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں گندم کی پیداوار، صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی خرید، موجود اسٹاک اور ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔