Friday, March 29, 2024

گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی حقوق فراہم کرنے کا حکم

گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی حقوق فراہم کرنے کا حکم
January 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جسٹس ثاقب نثار نے بطور چیف جسٹس اپنا آخری فیصلہ سنا دیا۔ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی حقوق فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس ثاقب نثار نے قرار دیا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی موجودہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ کشمیر پر رائے شماری تک گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں جبکہ پاکستان اور بھارت اپنے زیر انتظام علاقوں کو زیادہ سے زیادہ حقوق دینے کے پابند ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے اختیارات گلگت بلتستان میں بھی نافذ العمل ہیں۔ گلگت بلتستان والے سپریم ایپلیٹ کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر سکتے ہیں۔ وہاں کی عدالتیں جی بی آرڈیننس کے ساتھ آئین پاکستان کی بھی تابع ہیں لیکن انہیں آئینی اختیارات حاصل نہیں اور صدارتی آر ڈیننس کالعدم بھی قرار نہیں دے سکتیں۔ فیصلے میں سپریم کورٹ نے صدارتی آرڈیننس میں ترامیم بھی تجویز کر دی اور قرار دیا صدارتی آرڈیننس میں صرف آئین کے مطابق ہی ترمیم ہو سکتی۔  اگر پارلیمنٹ صدارتی حکم میں ترمیم کرے تو سپریم کورٹ آئین کے تحت اسکا جائزہ لے سکتی۔ عدالت نے وفاق کی سفارش پر صدر پاکستان کو مجوزہ عدالتی حکم نافذ کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس نے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ پاکستان کے شہریوں اور جی بی کے رہائشیوں کے لیے گڈ لک۔ بہت شکریہ، بہت نوازش۔