Wednesday, April 24, 2024

گلگت بلتستان کے انتخابی دنگل کی تیاریاں جاری

گلگت بلتستان کے انتخابی  دنگل کی تیاریاں جاری
October 28, 2020

گلگت (92 نیوز) گلگت بلتستان کے انتخابی  دنگل کی بھرپور تیاریاں  جاری ہیں ، پاکستان تحریک انصاف ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع  ہے ۔

گلگت بلتستان میں انتخابات کا دنگل 15 نومبر کو سجنے کو تیار  ہے ، سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں عروج پر  ہیں ۔

جی بی اے ایک،دو اور آٹھ سب کی توجہ کا مرکز ہیں ، جی ایل اے ایک گلگت ون میں  پاکستان پیپلزپارٹی  کے  صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ ،مسلم لیگ ن کے سابق ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حاجی جوہر علی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

جی بی اے 2 گلگت سے مسلم لیگ ن  کے  سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹری فتح اللہ خان اور پیپلز پارٹی کا سابق ڈپٹی سپیکر جمیل احمد سے ہوگا ۔

جی بی ایل اے 8 سکردو ایک  میں پیپلز پارٹی  کے  سابق وزیر اعلی سید مہدی شاہ ، مسلم لیگ ن کا سابق سینئر وزیر و صوبائی جنرل سیکریٹری اکبر تابان اور پاکستان تحریک انصاف  کے  امیدوار راجا زکریا خان مقپون کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔ جبکہ کئی حلقوں میں اپ سیٹ  بھی متوقع ہے ۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے صوبائی وزراء کو گلگت بلتستان آنے کیلئے این او سی مانگنے پر صدر ،وزیراعظم وزراء،چئیرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی قائد مریم نواز اور دیگر قائدین آئندہ ہفتے تک گلگت بلتستان آئیں گے۔

گلگت بلتستان انتخابات کا کون سر خرو ہوگا اس کا فیصلہ 15  نومبر کو گلگت بلتستان کے عوام کرینگے۔