Tuesday, May 7, 2024

گلگت بلتستان میں مون سون کی بارشوں سے سیلابی صورتحال، شاہراہ قراقرم بلاک

گلگت بلتستان میں مون سون کی بارشوں سے سیلابی صورتحال، شاہراہ قراقرم بلاک
July 31, 2021 ویب ڈیسک

گلگت (92 نیوز) گلگت بلتستان میں جاری مون سون اسپیل سے مختلف مقامات پر فلیش فلڈ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا۔ شاہراہ قراقرم رائیکوٹ پل سے گورنر فارم تک 25 مقامات پر بلاک ہوگئی۔ پھنسے مسافروں کو پیدل کراس کروا کے گلگت پہنچایا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، مکانات، فصلیں اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ غذر، نگر، دیامر، گھانچھے اور استور کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں سیلاب اور لینڈ سلائنڈنگ کی وجہ سے سڑکوں، زمینوں، پلوں اور واٹر سپلائی کے چینلز کو نقصان پہنچا۔

لینڈ سلائنڈنگ کی وجہ سے شاہرہ قراقرم تتہ پانی کے مقام پر تباہ ہوئی۔ جبکہ بابوسر روڈ بھی متاثر ہوئی۔ گلگت شندور روڑ، بریسٹ ضلع غذر کے مقام پر سیلاب کی زد میں آیا۔

ادھر دریائے سندھ میں پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے گلگت سکردو روڈ بھی کٹاؤ کا شکار ہوئی۔ دریائے اشکومن میں سیلاب کی وجہ سے اشکومن ویلی روڈ گٹکش کے مقام پر کٹ گیا۔

ضلع گھانچھے میں چھوربٹ کے مقام پر ایک پل اور آبادی میں نالے بھی سیلاب کی زد میں آئے۔ ضلع نگر کی ویلی روڈز اور دو پل سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کی بحالی میں کم از کم 3 دن لگ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، مختلف مقامات پر ایک بار پھر بارش کی توقع کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو احتیاط کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔