Friday, April 26, 2024

گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی گہما گہمی شروع ہو گئی

گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی گہما گہمی شروع ہو گئی
June 16, 2020

گلگت ( 92 نیوز) گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی گہما گہمی شروع ہو گئی ، پیپلز پارٹی  کی جانب سے  الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا آغاز  کر دیا گیا ، ن لیگ کے اہم رہنما  سید محمد علی شاہ  پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ،  پی پی رہنماؤں نے  کورونا ایس او پیز کے تحت دو ماہ کے اندر الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا۔

گلگت بلتستان میں عام انتخابات  کے لئے انتخابی مہم شروع ہو گئی ، پیپلز پارٹی  کی جانب سے  باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ،  سکردو میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے کا انعقاد  کیا گیا ، پیپلز پارٹی کے جیالوں اور رہنماؤں نے بھر پورشرکت کی ۔

پیپلز پارٹی نے  گلگت بلتستان میں بائیو میٹرک الیکشن کے تجربہ کو مسترد کردیا سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے جلسے  سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان پہلے میاںوالی  میں بائیومیٹرک سسٹم کا تجربہ کرکے دیکھ لیں، پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان کا الیکشن چُرانے نہیں دینگے ۔

صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ اور رکن صوبائی اسمبلی پیپلز پارٹی عمران ندیم کا کہناتھا کہ گلگت بلتستان میں کورونا ایس او پیز کے تحت دو ماہ کے اندر الیکشن کرائے جائیں ۔

تقریب میں  ن لیگ کے اہم رہنما سید محمد علی شاہ نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، صوبائی صدر اور پارٹی رہنماؤں نے نئے شامل ہونے والوں کو ہار پہنائے اور خوش آمدید کہا  ، سید محمد علی شاہ کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

پی پی رہنماؤں  نے مطالبہ کیا کہ  الیکشن کمیشن نے جس طرح صوبائی حکومت کے اختیارات منجمد کئے ہیں ۔  وزیراعظم، وفاقی وزراء پر گلگت بلتستان کے دورے اور انتخابی مہم کے لیے سیاسی اعلانات پر بھی پابندی لگائی جائے ۔