Tuesday, May 21, 2024

گلگت بلتستان میں بھی طوفانی بارشوں نے ہرطرف تباہی مچادی

گلگت بلتستان میں بھی طوفانی بارشوں نے ہرطرف تباہی مچادی
September 3, 2020

گلگت ( 92 نیوز) گلگت بلتستان میں بھی طوفانی بارشوں نے ہرطرف تباہی مچادی ، شگر اور دیامر کے بعد غذر کے مختلف علاقوں میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ شاہراہ قراقرم گلگت راولپنڈی ،گلگت اسکردو سمیت کئی بالائی علاقوں کےسڑکیں بند ہیں۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 4 روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی، شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر دوبارہ بلاک  ہو گئی ، گلگت سکردو روڈ سمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں کا شہر سے رابطہ منقطع  ہو گئے ۔

دیامر اور شگر کے بعد گاہکوچ میں سیلاب سے 30 کے قریب گھروں  میں پانی داخل ہوگیا  ، متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت اپنا قیمتی سامان  محفوظ مقام  پر منتقل کرنے  میں مصروف ہیں ۔

دوسری طرف دریائے گلگت کی بہاؤ میں اضافے نے نشینی علاقوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ ضلعی انتظامیہ نے  دریائے گلگت  کے نشینی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کرنے کی ہدایت کردی۔