Friday, April 19, 2024

گلگت بلتستان میں برف باری‘ اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور سمیت کئی شہروں میں بارش سے خنکی بڑھ گئی

گلگت بلتستان میں برف باری‘ اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور سمیت کئی شہروں میں بارش سے خنکی بڑھ گئی
October 19, 2015
لاہور (92نیوز) مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم تبدیل ہو گیا۔ خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے گرمی کی شدت کمی ہوجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں ہونیوالی بارش نے موسم بدل دیا جبکہ گلگت بلتستان کے بھی کئی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے جس کے باعث ٹھنڈی ہواو¿ں نے موسم سرما کی آمد کی نوید سنا دی۔ کئی علاقوں میں بادل جم کر برسے۔ بھکر میں چھیاسٹھ‘ مری میں باسٹھ ملی میٹر کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے لیکر گلگت اور گوجرانوالہ سے اسلام آباد تک کئی شہروں میں بارش نے سردیوں کی آمد کا پتہ دے دیا۔ بارش نے نورپور اور ملحقہ علاقوں کے تھل کی پیاس بھی بجھائی تو چنے کے کاشت کاروں کی جان میں جان آئی۔ دروش‘ جیوانی‘ گوادر‘ میرکھانی میں بھی بوندا باندی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ‘ ہزارہ‘ مردان‘ پشاور اور کوہاٹ ڈویژن‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ ڈویژن‘ فاٹا‘ گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ بنوں‘ لاہور‘ سرگودھا‘ فیصل آباد اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں و گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مالاکنڈ‘ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری بھی ہوسکتی ہے۔