Thursday, April 25, 2024

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا
November 15, 2020
گلگت (92 نیوز) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔ تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی تعطل شام 5 بجے تک جاری رہی۔ الیکشن کے موقع پر لوگوں کا جوش وخروش دیدنی رہا۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے بھی مختلف پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا۔ ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سردی میں بھی لوگ ووٹ ڈالنے نکلنے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر ووٹر پُر جوش ہے۔ انتخابات میں 7 لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ سوا لاکھ سے زائد افراد پہلی بار ووٹ ڈال کا حق استعمال کیا۔ استور میں گزشتہ رات سے شدید برف باری کے باعث جی بی اے 13 استور ایک کے ووٹرز کو مشکلات کا سامنا رہا۔ کئی علاقوں میں عملہ نہ پہنچنے کے باعث پولنگ بھی سست روی کا شکار رہی۔ گلگت بلتستان میں الیکشن کی سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔ پولیس اور پیرا ملٹری دستے تعینات کیئے گئے ہیں۔ دیگر صوبوں کے بھی 5 ہزار سے زائد اہلکاروں نے فرائض سرانجام دئیے۔ ڈی آئی جی گلگت بلتستان مخدوم قیصر بشیر نے نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ پولنگ کا عمل پُرامن انداز میں جاری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی عملے کو پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی رہی۔ اس حوالے سے تمام آر اوز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ امیدوار، پولنگ ایجنٹس، ووٹرز کو بھی موبائل فون لے جانے سے روکا گیا تاہم میڈیا کے نمائندے اور آزاد مبصرین پابندی سے مستثنیٰ رہے۔