Thursday, May 9, 2024

گلگت بلتستان الیکشن، سابق وزرائے اعلیٰ حفیظ الرحمان اور مہدی شاہ کو شکست کا سامنا

گلگت بلتستان الیکشن، سابق وزرائے اعلیٰ حفیظ الرحمان اور مہدی شاہ کو شکست کا سامنا
November 16, 2020
اسکردو (92 نیوز) گلگت بلتستان الیکشن میں بڑے اپ سیٹ بھی دیکھنے کو ملے، بڑے بڑے برج الٹ گئے، سابق وزرائے اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان اور مہدی شاہ کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، سابق اسپیکر گلگت بلتستان فدا محمد ناشاد بھی شکست کھا گئے۔ گلگت بلتستان الیکشن میں بڑے بڑے برج اُلٹ گئے، دو سابق وزرائے اعلیٰ اور سابق اسپیکر اپنے اپنے حلقوں سے ہار گئے۔ ن لیگ کے سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان  جی بی اے ٹو گلگت ٹو  کی سیٹ نہ بچا سکے، اِنہیں 8 ہزار 815 ووٹ لینے والے پیپلزپارٹی کے جمیل احمد نے شکست دی، پی ٹی آئی کے فتح اللہ 6007 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، حفیظ الرحمان دونوں سے پیچھے رہے۔ ایک اور سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلزپارٹی کے مہدی شاہ اس بار بھی نہ جیت سکے، پی ٹی آئی کے راجہ ذکریا نے اِنہیں 1176 ووٹوں کے مارجن سے شکست دی، راجہ ذکریا کو 5290 اور مہدی شاہ کو 4114 ووٹ ملے۔ جی بی 9 سکردو تھری میں بھی بڑا اپ سیٹ ہوا، سابق اسپیکر گلگت بلتستان اور پی ٹی آئی کے اُمیدوار فدا محمد ناشاد کو آزاد اُمیدوار وزیر محمد سلیم نے شکست دے دی، وزیر محمد سلیم کو 6011 ووٹ ملے، فدا محمد ناشاد 4920 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ گلگت بلتستان الیکشن میں چار خواتین، مہناز، سعدیہ دانش، شہناز بھٹو اور آمنہ بی بی نے بھی قسمت آزمائی کی تاہم کوئی خاتون نشست جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔