Tuesday, April 16, 2024

گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر اورگلیات کے بالائی پہاڑوں پر برفباری

گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر اورگلیات کے بالائی پہاڑوں پر برفباری
February 28, 2020
گلگت (92 نیوز) گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر اورگلیات کے بالائی پہاڑوں پر برفباری اور زیریں علاقوں میں بارش نے موسم کوسہانا کردیا۔ برف پوش پہاڑیاں دلکش منظرپیش کررہی ہیں بالائی پہاڑوں پر برفباری اور زیرعلاقوں میں بارش نے قدرتی حسن کو دوبالا کردیا۔ گلگت میں موسم ابر الود جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہے۔ ہنزہ نگر اور غذر کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔اسکردو کے بلند و بالا پہاڑوں پربرفباری نے قدرتی  حسن کو چار چاند لگادیئے ہیں۔ استور میں کوہ قراقرم کے بلند بالا پہاڑوں میں برف باری اور زیریں نواحی علاقوں میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد، جہلم ویلی اور وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری سے وادی لیپہ اور گریس ویلی کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں محصور شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ایبٹ آباد میں رات گئے سے بارش اور گلیات میں ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چھانگلہ گلی نھتیاگلی اور ایوبیہ میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ ملکہ کوہسار مری، راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھار میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔