Friday, March 29, 2024

گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی
July 20, 2019

 گلگت (92 نیوز) گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پرواز پی کے 605 لینڈنگ کےدوران رن وے سے پھسل گئی۔ طیارے کو نقصان پہنچا لیکن تمام مسافر محفوظ رہے۔

 سروس باکمال نہ سہی لیکن پائلٹ نے لینڈنگ کمال کی کر دی۔ پی آئی ‏اے کی اسلام آباد ‏سے گلگت کی پرواز پی کے 605 لینڈنگ کے دوران رن ‏وے سے پھسل گئی اور جہاز اوپن ایریا میں چلا گیا۔ پائلٹ نے مہارت سے ‏طیارے پر قابو پایا جس کے باعث تمام مسافر اور عملہ مکمل محفوظ ‏رہا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے گلگت میں طیارہ پھسلنے کے واقعے ‏کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ واضح کیا کہ تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی جبکہ تحقیقات مکمل ہونے تک پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹس کو بھی گراونڈ کر دیا گیا۔

 رواں ماہ قومی ائیر لائن کی دوسری پرواز ہے جو بڑے حادثہ سے ‏محفوظ رہی۔ ایک ہفتہ قبل پی آئی اے کی اسلام آباد سے جاپان جانے ‏والی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچی تھی۔ پی کے 852 اڑنے کے لیے ‏بلکل تیار ہی تھی لیکن اچانک رن وے پر ہی اس کا ٹائر پھٹ گیا۔ ‏جہاز معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔