Sunday, May 12, 2024

گلگت انتخابات میں پی ٹی آئی پہلی ، پیپلزپارٹی دوسری، ن لیگ تیسری پسندیدہ جماعت، گیلپ سروے

گلگت انتخابات میں پی ٹی آئی پہلی ، پیپلزپارٹی دوسری، ن لیگ تیسری پسندیدہ جماعت، گیلپ سروے
November 11, 2020

اسلام آباد(92 نیوز) گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پہلی، پاکستان پیپلز پارٹی دوسری جبکہ پاکستان مسلم لیگ تیسری پسندیدہ جماعت ہے ، گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ نے سروے جاری کر دیا ۔گیلپ سروے میں 27 فیصد جبکہ پلس کنسلٹنٹ سروے میں 35 فیصد ووٹرز نے پی ٹی آئی کی حمایت کی۔ دونوں سرویز میں عمران خان سب سے مقبول لیڈر قرار دیدیا ۔  گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کو 12 نشستیں ملنے کی پیشگوئی کی ۔

گلگت بلتستان کے ووٹرز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار  کیا گیا ، گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ نے گلگت بلتستان کے 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات سے متعلق عوامی رائے پر مبنی سروے جاری کردیا جس میں ایک  ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا، ووٹرز نے تحریک انصاف کو اپنی پہلی چوائس قرار دے دیا ۔

پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں 12، پیپلزپارٹی کو 05، ن لیگ، مجلس وحدت المسلمین  ایک ایک جبکہ آزاد امیدواروں کو 01 سے 2 نشستیں ملنے کی پیش گوئی ہے ۔

گیلپ سروے کے مطابق،  27 فیصد ووٹرز نے تحریک انصاف،24 فیصد نے پیپلز پارٹی 14 فیصد نے ن لیگ، 12 فیصد نے آزاد امیدواروں کی حمایت کی،پلس کنسلٹنٹ سروے میں 35 فیصد نے پی ٹی آئی، 26 فیصد نے پیپلزپارٹی اور 14 فیصد نے ن لیگ کو ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔

اسی طرح ڈویژن سطح پر دیامر میں 30 فیصد نے پیپلزپارٹی، 23 ، 23 فیصد نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کی حمایت کی ۔ گلگت ڈویژن میں 28 فیصد پیپلزپارٹی، 26 فیصد پی ٹی آئی اور 18 فیصد ن لیگ کے حق میں ہیں۔

بلتستان ڈویژن میں 30 فیصد نے پی ٹی آئی، 17 فیصد نے پیپلزپارٹی اور 4 فیصد نے ن لیگ کو ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔

نگر اور ہنزہ ضلع میں دو نشستوں پر پاکستان پیپلزپارٹی تو ایک نشست پر پی ٹی آئی ووٹرز کی پہلی متوقع چوائس رہی ۔ضلع اسکردو میں دو نشستوں پر پی ٹی آئی ، ایک نشست پر ایم ڈبیلو ایم اور ایک نشست پر آزاد امیدوار تگڑے نظر آئے۔

کھرمنگ ضلع ، شیگر، اور استور2 پر تحریک انصاف تو استور 1 پر پیپلزپارٹی کو ووٹرنے اپنی پہلی پسند کہا۔ دیامر ضلع میں دو نشستوں پر تحریک انصاف، 1 نشست پر پی پی پی اور ایک نشست پر ن لیگ ووٹرز کی پہلی پسند رہی ۔ضلع غذر‎ میں دو نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی تو 1 نشست پر تحریک انصاف کو پہلی چوائس قرار دیا گیا۔

گھانچے ضلع میں دو نشستوں پر تحریک انصاف تو ایک نشست پر آزاد امیدوار مقبولیت میں آگے نظر آئے۔

پلس کنسلٹنٹ سروےمیں  41 فیصد نے وزیراعظم عمران خان کو فیورٹ قرار دے دیا  ، 23 فیصد نے بلاول بھٹو، 16 فیصد نے نواز شریف جبکہ 10 فیصد نے مریم نواز اور 8 فیصد نے آصف زرداری کو پسندیدہ لیڈر قرار دیا۔

گیلپ سروے میں بھی عمران خان مقبولیت میں آگے رہے اور 42 فیصد نے ان کو پسندیدہ کہا  ،جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو 17فیصد ، نواز شریف کو 15 فیصد نے پسندیدہ کہا۔