Thursday, April 18, 2024

گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر نے زوہیب حسن کیخلاف ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر نے زوہیب حسن کیخلاف ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا
September 2, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سحر انگیز آواز کی مالک گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ نے ان کے بھائی زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست مرزا اشتیاق بیگ نے موقف میں اختیار کیا ہے کہ زوہیب حسن نے نجی ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویو میں اُن پر جھوٹے الزامات لگائے اور توہین آمیز لہجے میں باتیں کر تے رہے۔

مرزا اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ نازیہ حسن لمبے عرصے تک کینسر میں مبتلا رہیں لیکن زوہیب حسن نے انٹرویو میں نازیہ حسن کی موت کو غیر فطری قرار دیا۔ 21 سال بعد نازیہ کے بھائی نے مجھ پر سنگین الزامات لگائے ہیں، نازیہ حسن سے کوئی اختلاف نہیں تھا۔

دائر دعوے میں کہا گیا ہے کہ نازیہ حسن کے انتقال سے متعلق برطانوی حکام کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے لیکن اس کے باوجود زوہیب حسن نے حقائق کے برعکس باتیں کیں ان کو بیان بازی سے روکا جائے۔