Friday, April 26, 2024

گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت میں امن معاہدہ طے پا گیا

گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت میں امن معاہدہ طے پا گیا
May 19, 2016
کابل (ویب ڈیسک) افغان حکومت اور گلبدین حکمت یار کی تنظیم حزب اسلامی کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد گلبدین حکمت یار اور حز ب اسلامی کے جنگجووں کوعام معافی دیے جانے کا امکان ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے نائب محمد خان نے کہا ہے کہ حزب اسلامی کے ساتھ امن معاہدے کے مسودے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اسے ایک بڑا اور مثبت قدم قرار دیا۔ اس مسودے کے تحت افغان حکومت حزب اسلامی کے جنگجوو¿ں کو عام معافی دے گی اور اقوام متحدہ سے اس گروپ کو بلیک لسٹ سے ہٹانے کی درخواست کرے گی۔ معاہدے کے تحت یہ گروپ حکومت میں شامل نہیں ہو گا لیکن اس کو ایک باضابطہ سیاسی جماعت کے طور پرتسلیم کیا جائے گا۔ ادھر صدر اشرف غنی کے نائب ترجمان سید ظفرہاشمی نے کہا کہ یہ معاہدہ ابھی تصدیق کے مراحل میں ہے اور ابھی تک صدر اشرف غنی نے اس پر دستخط نہیں کیے۔ دوسری طرف انسانی حقوق کی تنظیموں نے گلبدین حکمت یار کے ساتھ معاہدے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گلبدین حکمت یار 1990ءکی دہائی میں مختصر عرصے کے لیے افغانستان کے وزیراعظم بھی رہے ہیں۔ حزب اسلامی کا تعلق القاعدہ سے رہا ہے اور اس گروپ پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے کئی الزامات ہیں جبکہ گلبدین حکمت یار کو امریکہ نے دہشت گرد قرار دیا ہوا ہے۔