Saturday, April 27, 2024

گلاسڑا گوشت کھانے کے باوجود گدھ بیمار کیوں نہیں ہوتے؟

گلاسڑا گوشت کھانے کے باوجود گدھ بیمار کیوں نہیں ہوتے؟
October 26, 2015
سیول (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے تفصیلی تحقیق کے بعد اس بات کا کھوج لگایا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ مردہ، گلاسڑا، بدبودار گوشت کھانے کے باوجود گدھ بیمار نہیں ہوتا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سڑے ہوئے گوشت کو شوق سے کھانے والا سخت جان پرندہ گدھ اپنے خصوصی اور عجیب جینیاتی نظام کی وجہ سے بیمار نہیں ہوتا۔ محققین کے مطابق گدھ جینیاتی طور پر ایک قدرتی نظام کے حامل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا معدہ انتہائی مضبوط اور ان کا مدافعتی نظام غیرمعمولی ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایسا گندا اور سڑا ہوا گوشت کھاتے چلے جاتے ہیں۔ محققین کے مطابق گدھ کے معدے میں گیسٹرک ایسڈ کی زیادہ مقدار اسے مردار کے گوشت کو ہضم کرنے اور جراثیموں اور وائرس سے بیماریاں لاحق ہونے سے تحفظ فراہم کر کے اس کے جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ جنوبی کوریا کے السان قومی ادارہ برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہر جینیات جونگ بھک کا کہنا ہے کہ سیاہ گدھ دنیا کے سب سے مضبوط معدے کے حامل ہوتے ہیں۔ ان کے معدے میں شدید تیزابیت ہوتی ہے جو ہڈیاں حتیٰ کے دھاتوں کو بھی پگھلا سکتی ہے۔