Wednesday, May 1, 2024

گل داودی کی نمائش نے لاہوریوں کے دل موہ لیے

گل داودی کی نمائش نے لاہوریوں کے دل موہ لیے
December 8, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور میں جاری گل داودی کی نمائش نے لاہوریوں کوکچھ اس طرح اپنی طرف کھینچا کہ پی ایچ اے کو نمائش کی تاریخ دو روز بڑھانا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں گل داودی کی ایک سو پچاس اقسام ہیں جبکہ پاکستان میں موجود اسکی چالیس اقسام کو نمائش میں بہت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اس کے انوکھے رنگ دیکھنے والوں کی آنکھوں کو فرحت بخشتے ہیں۔ گل داودی کی افزائش پر پورا سال محنت کی جاتی ہے اور یہ موسم سرما میں صرف بیس دن کی مختصر مدت کیلئے ہی کھلتا ہے۔ اسکی منفرد خاصیت یہ ہے کہ قدرت کے سب رنگ اس میں موجود ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری نمائش میں شہریوں کی جوق در جوق آمد جاری ہے۔ کوئی فیملی کے ساتھ آرہا ہے تو کوئی دوستوں کے ساتھ جبکہ سکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے ساتھ بزرگوں کی بڑی تعداد قدرت کے اس خوبصورت شاہکار کا نظارہ کرنے پہنچ رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ نفسا نفسی کے اس دور میں ایسے تروتازہ اور صحت افزا ماحول میں فیمیلیز کے ہمراہ یادگار لمحے گزارنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پھول تو ہوتے ہی خوبصورت ہیں مگرگل داودی اپنی دلکشی اور رنگوں کے حوالے سے ایک الگ ہی مقام رکھتا ہے۔