Saturday, April 20, 2024

گستاخانہ مواد کیس، نامزد افراد ملک سے بھاگنے نہ پائیں: عدالت

گستاخانہ مواد کیس، نامزد افراد ملک سے بھاگنے نہ پائیں: عدالت
March 13, 2017

اسلام آباد (92نیوز) مقدس ہستیوں کی گستاخی کا معاملہ، سیکرٹری داخلہ نے عدالت کے روبرو اعتراف کر لیا کہ گستاخانہ مواد روکنے کے لئے وہ اقدامات نہیں کئے گئے جو کرنا چاہئیں تھے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ایف آئی اے میں نامزد افراد ملک سے بھاگنے نہ پائیں۔ کسی بے گناہ پر الزام نہیں لگنا چاہئے۔ علماء کرام بھی رہنمائی کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مقدس ہستیوں کی گستاخی کے کیس کی سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پی ٹی اے اور ایس ایس پی ساجد کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔

سیکرٹری داخلہ نے اعتراف کیا کہ ابھی تک اس کیس کے حوالے سے ایسے اقدامات نہیں کئے گئے جو کرنا چاہئیں تھے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل نے بتایا کہ فیس بک کو متنازع ویب پیجز بلاک کرنے کی باقاعدہ درخواست کر دی گئی ہے۔ بین الاقوامی لاء کے تحت درخواست تیار کر کے جلد دائر کریں گے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس پوری قوم کا مقدمہ ہے۔ جس نے مقدس ہستیوں کی گستاخی کی اسے قانون کے شکنجے سے نکلنے نہیں دیں گے۔ کسی بے گناہ پر الزام نہیں لگنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سب کو ہدایت دے۔ خبر بیچنے کے لیے ناموس بیچنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں نامزد لوگ ملک سے بھاگنے نہ پائیں۔ حتمی فیصلے میں تحریری طور پر درج کیا جائیگا کہ اینکرز اور چینل آرٹیکل 19 پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔