Monday, May 6, 2024

گستاخانہ خاکوں کا معاملہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے،او آئی سی میں آواز اٹھائینگے،عمران خان

گستاخانہ خاکوں کا معاملہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے،او آئی سی میں آواز اٹھائینگے،عمران خان
August 27, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سینیٹ میں  اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ  گستاخانہ خاکوں کا معاملہ پوری امت مسلمہ کا معاملہ ہے ، ہم معاملے کو او آئی سی میں لے جائیں گے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  میں مغرب میں رہا ہوں، ان کے عوام کو معلوم ہی نہیں کہ ایسی حرکتوں سے ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے ،وہ نہیں جانتے کہ ہم اپنے پیغمبر ؐسے کتنا پیار کرتے ہیں،  وہ اسے آزادی اظہار کا عمل سمجھتے ہیں مگر کسی مذہب  کی توہین آزادی اظہار رائے نہیں ہے ۔ ہولو کاسٹ کے حوالہ سے بات کرنا وہاں قابل تعزیر جرم ہے، ہولوکاسٹ کے معاملہ پر آزادی اظہار کیوں نہیں ہے۔ عمران  خان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی اہمیت کو بڑھایا جائے،ہر دو ہفتے بعد پارلیمنٹ آٰیا کرسوالوں کے جواب دوں گا ، ہمارے وزرا اور سینیٹرز بھی جواب دہ ہیں،سینیٹ اور پارلیمنٹ احتساب  کی بہترین جگہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ،عوام ٹیکس اس لئے نہیں دیتے  کیونکہ انہیں حکومت پر اعتماد نہیں ،ملک میں ٹیکس ادائیگی کی فضا بنا رہے ہیں،وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کریں گے ۔ وزیر اعظم ایوان سے روانہ ہوئے تو  اپوزیشن کے ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے  اور نعرے لگائے کہ وزیر اعظم ہماری بات سن کر جائیں  جبکہ اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔