Tuesday, April 23, 2024

گزشتہ ہفتہ : کراچی اسٹاک مارکیٹ تیزی کے باعث 33 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گئی

گزشتہ ہفتہ : کراچی اسٹاک مارکیٹ تیزی کے باعث 33 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گئی
January 3, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتے ہفتے تیزی کے باعث کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس نہ صرف تینتیس ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا بلکہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس مجموعی طور پرسات سو اٹھائیس پوائنٹس اضافے کے ساتھ33 ہزار 229 پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مارکیٹ کا آغاز بتیس ہزار پانچ سو ایک سے شروع ہوا جس میں پورے ہفتے اضافہ دیکھا گیا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس نے تینتیس ہزار کی نفسیاتی حد عبور کی۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس تینتیس ہزار دو سو انتیس کی سطح پر بند ہوا۔ پورے ہفتے کے دوران کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں سات سو اٹھائیس پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ حکومت کی جانب سے انڈسٹریل سیکٹر کے لیے بجلی کے نرخوں میں تین روپے فی یونٹ میں کمی اور تاجروں کے لیے ایمنسٹی اسکیم کے اعلان کا مارکیٹ پر مثبت اثر ہوا۔ پورے ہفتے کے دوران مارکیٹ کے حجم میں ہفتہ وار بنیاد پر سات اعشاریہ ایک چار فیصد اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ کیپیٹل بھی ایک سو چوراسی ارب روپے اضافے کے بعد سات ہزار چھبیس ارب روپے ہو گیا۔ کرسمس کی طویل تعطیلات کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے رواں ہفتے بھی سرمائے کا انخلا جاری رہا اور پورے ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے ایک اعشاریہ ایک ملین ڈالر کے حصص فروخت کی۔