Saturday, April 27, 2024

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید کیس رپورٹ

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید کیس رپورٹ
October 4, 2019
 لاہور (92 نیوز) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید درجنوں کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 217 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ راولپنڈی میں سب سے زیادہ 169 کیس رپورٹ ہوئے۔ لاہور سے 14 اور شیخوپورہ سے مزید 03 کیس سامنے آئے۔ جنوبی پنجاب بھی ڈینگی کے وار سے محفوظ نہیں۔ نشتر اسپتال ملتان میں مزید 6 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی۔ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 34 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی مچھر بےقابو ہو گیا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کے پی کے میں 110 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد 2004 ہو گئی ہے۔ کراچی میں مزید درجنوں افراد ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔ اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی۔ بلوچستان میں بھی ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔