Friday, April 26, 2024

گزشتہ سال جعلی دستاویزات پر38کمپنیوں کوحج کوٹہ ملنے کاانکشاف

گزشتہ سال جعلی دستاویزات پر38کمپنیوں کوحج کوٹہ ملنے کاانکشاف
May 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزارت مذہبی امور میں گزشتہ سال پرائیویٹ حج سکیم کے تحت ٹورز آپریٹرز کو جعلی دستاویزات پر حج کوٹہ فراہم کرنے کا سیکنڈل سامنے آیا ہے ۔ وزارت کی بیوروکریسی نے گزشتہ سال حج کے دوران38 کمپنیوں کو عمرہ تجربے کی جعلی دستاویزات پر حج کوٹہ الاٹ کیا ۔ ان حج کمپنیوں کے مالکان نے وزارت مذہبی امور کی بیوروکریسی کے ساتھ مالی ساز باز کر کے عمرہ تجربے کے جعلی لیٹرز پیش کئے تھے جسے ا ٓڈٹ فرم نے منظور کرتے ہوئے انہیں کوٹہ کے حصول کیلئے اضافی نمبرز جاری کر دیئے جسکی بنیاد پر 38 حج کمپنیوں کو کوٹہ الاٹ کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جن حج کمپنیوں نے کوٹہ کے حصول کیلئے گزشتہ سال جعلی دستاویزات لگائی تھیں ان سے متعلق سعودی سفارتخانے نے لا علمی کا اظہار کیا ۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ جن حج کمپنیوں کو جعلی دستاویزات پر حج کوٹہ دیا گیا تھا، وزارت مذہبی امور حکام نے ان کمپنیوں سے متعلق رواں حج آپریشن میں نوٹس لیا ہے اور ان کیخلاف کارروائی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حج ٹورز آپریٹرز کی تنظیم ( ہوپ) کے بعض عہدیدار بھی اس عمل میں شریک ہیں جن کا وفاقی سیکرٹری مذہبی امور میاں مشتاق نے نوٹس لیا ہے اور حج کوٹہ کی الاٹمنٹ کے عمل کو شفاف بنانے کی سختی سے ہدایات جاری کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حج آپریشن کو شفاف بنانے اور حج کمپنیوں کو کوٹہ کی الاٹمنٹ کیلئے نیا طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے ۔