Friday, April 19, 2024

گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تاجروں کی درخواست ضمانت مسترد

گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تاجروں کی درخواست ضمانت مسترد
April 23, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تاجروں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔ مقامی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے 6 تاجروں کو جیل بھیج دیا ۔ تاجر رہنماء حماد پونا والا نے ریلیف دینے کی بجائے حوالات میں بند کرنے پر سندھ حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ گورنر سندھ نے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ تاجر رہنما عارف جیوا نے مسئلے کا ملبہ وفاقی اور سندھ حکومتوں پر ڈال دیا ۔ پولیس تاجروں کو عدالت لائی تو کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے  اور تاجروں کو ایک دوسرے کے ساتھ ایک ہی ہتھکڑی لگائی گئی جس کے باعث سماجی فاصلے بھی نہ رہے ۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی سخت فیصلے کی ٹھان لی اور وفاقی حکومت کے فیصلوں تک کاروباری سرگرمیاں بحال نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے تاجروں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر اکسانے والوں کیخلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔ یاد رہے کراچی ٹمبر مارکیٹ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر سمیت 6 تاجروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا ۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹمبر مارکیٹ کی دکانیں احتجاجاً کھول دیں تھیں ۔ تاجروں کی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے ٹمبر مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر سمیت 6 تاجروں کو گرفتار کرکے دکانیں سیل کر دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عاصمہ بتول کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کھولی گئیں دکانوں کو سیل کیا گیا ہے ، بغیر اجازت کسی کو کاروبار کرنے اجازت نہیں دیں گے۔