Thursday, April 25, 2024

گریٹر اقبال پارک واقعہ پر انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی

گریٹر اقبال پارک واقعہ پر انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی
August 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور کے تاریخی گریٹر اقبال پارک میں لڑکی کے ساتھ بدسلوکی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان نے چار سب ٹیمز پر مشتمل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی۔

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر لڑکی کے ساتھ بدسلوکی، دست درازی کے واقعے کے چار روز بعد بھی پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔

خاتون کو ہراساں کرنے سے پہلے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی جس میں منچلے عائشہ اکرم کے ساتھ سیلفیاں لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں یہ واقعہ دردناک اور دل دہلا دینے والا ہے جس پر ہر صورت انصاف ہو گا۔ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے واقعہ میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کر کے گرفتاریاں کی جائیں۔

گورنر پنجاب نے واقعہ کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کیا، ملزمان اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کہتے ہیں واقعہ میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے مسلسل رابطہ ہے۔ موٹروے کے واقعہ کی طرح اس کے ملزمان کے خلاف بھی تیز ترین قانونی کارروائی ہو گی۔

ادھر ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہورکی سربراہی میں چار سب ٹیموں پر مشتمل اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

آئی جی پنجاب کہتے ہیں چیئرمین نادرا کو ملزمان کی شناخت کے لیے ان کی تصاویر بھجوا دی ہیں جس پر چھٹی کے روز بھی کام جاری رہا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے جس میں عمر قید یا سزائے موت کی دفعات شامل ہیں۔

ادھر واقعے کی تحقیقات کے لیے اسپیشل برانچ اور سی آئی اے پولیس کی مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کہتے ہیں ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان کو جلد ٹریس کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

جشن آزادی پر گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاک بنانے کیلئے آئی خاتون پرمنچلوں نے دھاوابول دیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ لاری اڈا میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی مدعیت میں 400 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔