Friday, April 19, 2024

گرینڈ ہیلتھ الائنس اورحکومت کی سرد جنگ میں غریب مریض رل گئے ‏

گرینڈ ہیلتھ الائنس اورحکومت  کی سرد جنگ میں غریب مریض رل گئے ‏
October 28, 2019
لاہور ( 92 نیوز) گرینڈ ہیلتھ الائنس اور حکومت کی سرد جنگ میں غریب مریض رل گئے ،  پنجاب حکومت گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج کو کنٹرول کو روکنےمیں ناکام نظر آرہی ہے ، جب کہ احتجاجی  مسیحا بھی مطالبات کی منظوری کے بغیر فرائض انجام دینے سے انکاری ہیں ۔ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال کے باعث مریضوں کو علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا ہے ، سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال 19 ویں روز بھی جاری ہے ، ٹیچنگ اسپتالوں کے آؤٹ ڈورز اور لیبارٹریوں میں کام بند ہونے سے علاج معالجہ  نہیں ہو رہا جس کے باعث  دور دراز سے آئے غریب لوگ  نجی لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہیں ۔ اسپتال کی انتظامیہ او پی ڈی کو فعال رکھنے میں بری طرح ناکام ہے ، پنجاب کے ٹیچنگ اسپتال میں روزانہ ہزاروں مریض علاج کی سہولت سے محروم ہو رہے ہیں ، ادھر گرینڈ ہیلتھ الائنس نے نجکاری کا قانون  واپس لینے تک حکومت سے مذاکرات نہ کرنے اور ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہوا ہے ۔ پنجاب حکومت نے بھی ہڑتالی ڈاکٹروں سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ  کر لیا ہے ۔ راولپنڈی میں  بھی ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں اور تمام الائیڈ اسپتالوں کی او پی ڈیز مکمل بند ہیں ، ڈاکٹر ان ڈور سروسز بھی بند کرنے پر غور کر رہے ہیں  ، ڈاکٹروں کی ہٹ دھرمی کے باعث  مریض بری طرح خوار ہو رہے ہیں ۔