Thursday, April 25, 2024

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا
July 7, 2018
حیدر آباد (92 نیوز) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے انتخابی منشور کا اعلان کردیا۔ جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کرے گی، طلبا کو گریجویشن تک مفت تعلیم، قانون کی حکمرانی اور گڈ گورننس یقینی بنائی جائے گی۔ حیدر آباد پریس کلب میں انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے غربت کے خاتمے کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی، کسانوں کو 20 ایکڑ فی کس زرعی اراضی دی جائے گی، تعلیمی بجٹ 2 سے بڑھا کر 7 فیصد کیا جائے گا۔ . انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ایسی قانون سازی کریں گے جس کے بعد منتخب نمائندے اور افسران کے بچے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے اور تمام لوگ بیرون ملک کے بجائے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرائیں گے۔ ایاز لطیف پلیجو نے دعوی کیا کہ سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے بنائے گی۔