Friday, May 17, 2024

گرینڈ الائنس کی پی آئی سی حملے کیخلاف ہڑتال جاری، مریض مشکلات کا شکار

گرینڈ الائنس کی پی آئی سی حملے کیخلاف ہڑتال جاری، مریض مشکلات کا شکار
December 14, 2019
لاہور (92 نیوز) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حملے کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال تاحال جاری ہے، دل کے مریضوں کی مشکلات  کم نہ ہوسکیں، ایمرجنسی کے علاوہ پی آئی سی کے تمام وارڈز میں ڈاکٹرز اور عملے نے بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ دل کے اسپتال میں دل کے مریضوں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ایمرجنسی کے علاوہ تمام وارڈز میں ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمرجنسی میں تو مریضوں کا علاج ہوگا لیکن مختلف ٹیسٹ نہیں ہوں سکیں گے۔ پی آئی سی واقعہ کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کے باعث اینجیو گرافی، اینجیو پلاسٹی، تھیلیم اسکین اور ایم آر آئی کی سہولت میسر نہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے ایکو کارڈیو گرافی اور آپریشن تھیٹرز میں بھی کام کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے، آؤٹ ڈور میں بھی مریضوں کو چیک نہیں کیا جارہا۔ ٹیسٹ نہ ہونے کے باعث مختلف شہروں سے آئے مریضوں کو  مشکلات کا سامنا ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے مطالبات پورے نہ ہونے پر پیر سے اگلے لائحہ عمل کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں ایمرجنسی کے بعد دیگر سروسز کو بھی جلد بحال کر دیا جائےگا، پنجاب حکومت نے اسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے، ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔