Sunday, September 8, 2024

گرین لائن منصوبے سے وزیر اعظم کا کوئی تعلق نہیں، شاہد خاقان عباسی

گرین لائن منصوبے سے وزیر اعظم کا کوئی تعلق نہیں، شاہد خاقان عباسی
December 10, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے گرین لائن منصوبے سے وزیر اعظم عمران خان کا کوئی تعلق نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا حکومت کو کچھ پتا نہیں ہے۔ حالت یہ ہے جھوٹے ریفرنس بنا رہے ہیں۔ نیب چیئرمین ایک ایک کر کے بتائے کون سے سیاستدانوں کے خلاف ریفرنس بنائے ہیں۔ سب عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ کیا ان کو جواب دینا نہیں ہو گا کہ آپ نے جعلی ریفرنس بنائے۔ نام نہاد احتساب کرنے والوں کا  بھی احتساب ہو گا۔

انہوں نے کہا عمران خان کو تختیاں لگانے کا شوق ہے ۔ حکومت کوئی ایک ہی منصوبہ بتا دے جو خود اس نے شروع کیا ہو۔ اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کیا ایسا کوئی شخص نہیں کہ جس پر کوئی اعتماد کر سکے۔ چیئرمین صاحب 6 ارب جمع ہونے کا دعوی کر رہے ہیں لیکن قومی خزانے میں کچھ نہیں۔ ان کیمرا اجلاس سے ڈرتے ہیں۔ کیوں عوام سے یہ باتیں چھپاتے ہیں۔ عدالتوں میں کیمرے لگائے جائیں اور عوام دیکھیں کیا تماشا ہو رہا ہے۔

ادھر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے گرین لائن کراچی کا منصوبہ ن لیگ کا منصوبہ تھا۔ آج وزیراعظم منصوبہ پر اپنے بغض کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہ مہنگائی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک ہے۔ گیس اور بجلی کے شعبے میں مافیا گھسے ہیں۔ عوام عمران خان سے پوچھیں گے کہ کرونا ریلیف فنڈ کہاں گیا۔ یہ تو آڈیٹر جنرل کو بھی رپورٹ جاری نہیں کرنے دے رہے۔