Thursday, March 28, 2024

گرین شرٹس کو مسلسل دوسرے ون ڈے میں گوروں کے ہاتھوں شکست

گرین شرٹس کو مسلسل دوسرے ون ڈے میں گوروں کے ہاتھوں شکست
August 27, 2016
لندن(92نیوز)شاہین اڑان بھول گئے سرفراز کی سنچری اور عماد وسیم کی نصف سنچری بھی کسی کام نہ آئی۔ انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل دوسرے ون ڈے میں شکست ہو گئی۔  میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہو گئی۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان اور انگلینڈ کی ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ اظہر علی کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ مہنگا پڑا۔ میزبان ٹیم نے  گرین شرٹس کو ڈھائی اوور پہلے ہی چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔  سرفراز نے  ایک سو پانچ رنز کی شاندار اننگز کھیل کر لارڈز میں ون ڈے سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپر کے طور پر اپنا نام درج کرا لیا  جبکہ عماد وسیم نے بھی تریسٹھ رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی  تاہم پاکستانی بیٹنگ کی مجموعی کارکردگی نے دونوں کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ بابر اعظم نے تیس اور شعیب ملک نے اٹھائیس رنز کی اننگز کھیلی جبکہ  سات پاکستانی بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے  چار کھلاڑی تو صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی پہلی تین وکٹیں دو رنز پر گر چکی تھیں سمیع اسلم ایک  جبکہ شرجیل خان اور اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دو وکٹیں حاصل کرنے والے عماد وسیم کے سوا باقی پاکستانی باؤلرز بھی انگلش بلے بازوں کو سکور کرنے سے نہ روک سکے۔ محمد عامر، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ یاسر شاہ اور شعیب ملک کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے نواسی رنز بنانے والے جو روٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔