Thursday, March 28, 2024

گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث جامشورو کے متاثرہ اضلاع کی منقطع بجلی بحال

گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث  جامشورو کے متاثرہ اضلاع کی منقطع بجلی بحال
June 30, 2020

جامشورو ( 92 نیوز) جامشورو 500 کے وی گرڈ اسٹیشن کے یارڈ میں آگ لگنے کے باعث حیسکو ریجن کے دس اضلاع میں منقطع ہونے والی بجلی بحال ہوگئی، گزشتہ رات ٹرانسمیشن فلیش کرنے کی وجہ سے آتشزدگی سے بجلی منقطع ہوگئی تھی۔

جامشورو 500 کے وی گرڈ اسٹیشن کے یارڈ میں ٹرانسمیشن فلیش کرجانے کے باعث آگ لگ گئی جس کی روشنی جامشورو اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں دیکھی گئی اور لوگ خوف زدہ ہوگئے۔

آگ لگنے کے سبب حیسکو ریجن کے دس اضلاع کی بجلی رات گئے تک منقطع رہی اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا۔

آگ لگنے کے سبب حیدرآباد ، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، سجاول، بدین سمیت دس اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے  اور 66 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی سپلائی بند رہی جو آگ بھجانے اور کولنگ کے عمل کے بعد بحال کردی گئی۔

حیسکو اور این ٹی ڈی سی حکام کی جانب سے آگ لگنے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ، جبکہ 500 کے وی گرڈ کے مرمتی کام کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے ۔