Sunday, September 8, 2024

گرو گرمیت سنگھ کو آج سزا سنائی جائے گی

گرو گرمیت سنگھ کو آج سزا سنائی جائے گی
August 28, 2017

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں مذہبی رہنما گرو گرمیت سنگھ کی جنسی زیادتی کیس میں گرفتاری کے بعد صورتحال بدستور کشیدہ، متعدد آشرم بند کردیئے گئے۔ گرو گرمیت سنگھ کوآج سزا سنائی جائے گی۔

اداکار، ہدایت کار، گلوکار اور مذہبی رہنما ہونے کےدعویدار جب عدالت میں ٹہرے بدکار تو سڑکوں پر نکل آئے ان کے لاکھوں پیروکار۔ پرتشدد ہنگاموں، توڑ پھوڑ اور املاک جلانے کا جواز یہ دیا کہ کیوں کیا ان کے گرو کو گرفتار؟

ڈیرہ سُچا سودا کے سربراہ کو پندرہ سال قبل دو پیروکار خواتین سے جنسی زیادتی کے کیس میں ملزم قراردیئے جانے کے بعد بھارتی ریاست ہریانہ، پنجاب اور راجھستان میں سب سے زیادہ صورتحال کشیدہ ہوئی۔ کئی علاقوں میں تاحال کرفیو ہے اور انٹرنیٹ تک رسائی ختم کردی گئی ہے۔  

گروگرمیت کو آج سزا سنائی جائے گی جس کے بعد بھارت بھر میں لاکھوں افراد کی جانب سے پرتشدد ہنگاموں کا خطرہ ہے جس کے پیش نظر سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ سُچا سودا کا محاصرہ کرتے ہوئے ان کے درجنوں پیروکاروں میں حوالات میں بند کردیا ہے۔

حکام کے مطابق پر تشدد مظاہروں کے دوران نئی دہلی میں بھی ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ ٹرین کی دوبوگیوں کو بھی جلادیاگیا۔ ان واقعات کے بعد بھارتی دارالحکومت میں سکیورٹی چیک پوائنٹس بڑھا دیئے گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی۔

حکام کا کہنا ہے ہنگاموں میں چھتیس افراد ہلاک جبکہ تین سو سے زائد زخمی ہوئے۔ کشیدگی کے بعد سے اب تک تین سو سے زائد ٹرینوں کو معطل کردیا گیا ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔