Thursday, May 2, 2024

گرمی کا 13واں روز !!! ہلاکتیں 1262 !!! وزیراعظم دلاسہ دینے کراچی پہنچ ہی گئے

گرمی کا 13واں روز !!! ہلاکتیں 1262 !!! وزیراعظم دلاسہ دینے کراچی پہنچ ہی گئے
July 1, 2015
کراچی (92نیوز) بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے، گرمی کی لہر کا تیرہواں روز، 1200 سے زائد ہلاکتیں، لوڈ شیڈنگ کا عذاب، وزیر اعظم عوام کا حال احوال پوچھنے کراچی پہنچ ہی گئے۔ دوسری جانب کراچی میں ہلاکتوں کا سلسلہ وزیر اعظم کی آمد کے روز بھی جاری رہا، مزید آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جناح اسپتال میں پانچ اور عباسی شہید اسپتال میں تین افراد نے دم توڑا ، اب تک مرنے والوں کی تعداد بارہ سو باسٹھ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف وزیراعلیٰ ہاو¿س کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کے درمیان ملاقات جاری ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف کراچی پہنچے تو ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اپنے ساتھ وزیراعلیٰ ہاوس لے آئے۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر مملکت عبدالقادربلوچ، سینیٹر مشاہد اللہ اور سائرہ افضل تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں گرمی کی شدت اور لوڈشیڈنگ سے ہونےوالی اموات پر حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے غیراعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کی کارکردگی کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔