Saturday, May 18, 2024

گرفتاری کا ڈر، زرداری اور فریال نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

گرفتاری کا ڈر، زرداری  اور فریال نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
March 27, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔

سابق صدر نے نیب سے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کی بھی درخواست دائر کردی۔

آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے درخواست میں ٹرائل مکمل ہونے تک نیب کو گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کرنے اور ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کی استدعا کی ۔

درخواست میں آصف زرداری نے موقف اختیار کیا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں اب تک طلبی کے 3 سمن موصول ہو چکے ہیں ، معلوم نہیں کہ میرے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں ، نیب کسی بھی انکوائری میں گرفتار کر سکتا ہے  ، گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت کے سوا کوئی آپشن نہیں۔

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے نیب سے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کی کیلئے بھی درخواست دے دی۔

دوسری جانب عدالت عالیہ نے عمران خان کے کھلاڑی عثمان ڈار کی آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست 4 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔

جعلی بینک اکائونٹس میں سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ بھی نیب اولڈ ہیڈکوارٹرز میں پیش ہو گئے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 40 منٹ تک ان سے ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کی فروخت سے متعلق پوچھ گچھ کی اور بیان ریکارڈ کیا۔

 نیب اعلامیہ کے مطابق قائم علی شاہ نے سوالنامہ کا جواب دینے کے لئے 10 روز کی مہلت مانگ لی۔ پیشی کے بعد قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ نیب کی جانب سے بلانے کا مقصد کیا ہے؟۔  قائم علی شاہ سات اپریل کو دوبارہ نیب میں پیش ہونگے۔