Monday, May 6, 2024

گرفتار دہشت گردوں کو پھانسیوں پر لٹکانے کا وقت آ گیا: افغان صدر

گرفتار دہشت گردوں کو پھانسیوں پر لٹکانے کا وقت آ گیا: افغان صدر
April 25, 2016
کابل (ویب ڈیسک) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے گرفتار دہشت گردوں کو پھانسیوں پر لٹکانے کا اعلان کر دیا۔ اشرف غنی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اگر طالبان کو مذاکرات کی میز پر نہیں لا سکتا تو انہیں اپنے ملک سے نکال باہر کرے۔ تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے 17 اپریل کو کابل میں بڑے دہشت گرد حملے کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امن کوششوں سے مایوسی کا اظہار کر دیا۔ اشرف غنی نے کہا کہ انہیں پاکستان سے اب کوئی امید نہیں رہی کہ وہ طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کر لے گا۔ اشرف غنی نے مطالبہ کیا کہ اگر پاکستان اپنی سرزمین پر عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتا تو انہیں نکال باہر کرے اور ہمارے حوالے کرے۔ اشرف غنی نے کہا کہ اچھے اور برے طالبان کی کوئی تمیز نہیں‘ پاکستان کی حکومت ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ اشرف غنی نے طالبان قیادت کو غلام اور کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ پشاور اور کوئٹہ میں بیٹھ کر افغان عوام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ اشرف غنی نے کہا کہ دہشت گردوں کے لیے ” غیرمنصفانہ عام معافی“ کے خاتمے کا وقت آگیا۔ اب دہشت گردوں کو پھانسیوں پر لٹکایا جائے گا۔ اشرف غنی نے کہا کہ پانچ سالہ جنگی حکمت عملی تشکیل دے دی۔ اس کو حتمی شکل جولائی میں وارسا (پولینڈ) میں ہونے والی سربراہ کانفرنس میں دی جائے گی۔