Thursday, April 25, 2024

  گردشی قرضوں کی ادائیگی ، آڈیٹرجنرل کیطرف سے حکومت کو کلین چٹ

   گردشی قرضوں کی ادائیگی ، آڈیٹرجنرل کیطرف سے حکومت کو کلین چٹ
October 21, 2015
اسلام آباد(92نیوز)آئی پی پیزکوگردشی قرضوں کی ادائیگی،نئےآڈیٹرجنرل نےحکومت کوکلین چِٹ دےدی۔ نئےآڈیٹر جنرل اسد امین نے نواز حکومت کو آئی پی پیز کوگردشی قرض کی مدمیں 341ارب 95کروڑروپےکی ادائیگی کے معاملے پرکلین چٹ دے دی ، باقی رقم سے متعلق دستاویز فراہم کرنے پر آڈٹ اعتراض بھی ختم کردیا جائے گا۔ نائنٹی ٹو نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق آئی پی پیز کو 480 ارب روپے کی ادائیگیوں کے معاملے پر  ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 7 اکتوبر کو ایڈیشنل سیکرٹری پانی وبجلی کی سربراہی میں اجلاس ہواجس میں آئی پی پیز کو 2013میں ادا کئے گئے 480ارب روپے پر آڈٹ اعتراض کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت پانی وبجلی کی جانب سے آڈٹ ٹیم کو آئی پی پیز کو ادائیگیوں کی تفصیلات اور متعلقہ دستاویز فراہم کی گئیں،جن کی بنیاد پر آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی آڈٹ  ٹیم نے حکومت کے خلاف 341ارب 95 کروڑ  روپے کا آڈٹ پیرا ہی ختم کردیا ہے۔ آڈٹ ٹیم نے آئی پی پیز کو 341ارب روپے کی رقم ادائیگی درست قرار دیدی  ہے باقی 139ارب روپے کے اعتراض کی سیٹلمنٹ کے لئے دستاویزات طلب کی ہیں۔ دستاویزات تسلی بخش ہونے پر آڈٹ اعتراض ختم کر دیا جائے گا۔ سابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان بلند اختر رانا کے دور میں تیار کی گئی آڈٹ رپورٹ میں ان ادائیگیوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا اور اسی رپورٹ کی بنا پر سابق آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے ۔