Monday, May 6, 2024

گجرات ، گھریلو جھگڑے پر سگی ممانی نے سترہ ماہ کے بچے کو گلا دبا کر قتل کر دیا

گجرات ، گھریلو جھگڑے پر سگی ممانی نے سترہ ماہ کے بچے کو گلا دبا کر قتل کر دیا
January 9, 2019
 گجرات (92 نیوز) بدلے کی آگ نے گھر جلا دیا۔ گجرات میں سترہ ماہ کے بچے کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ گھریلو جھگڑے پر سگی ممانی نے بچے کو گلا دبا کر قتل کیا۔ گجرات کے علاقے کالا کمالہ میں پیش آنے والے سترہ ماہ کے بچے سلیمان کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا ۔ سلیمان کا قاتل کوئی اور نہیں اُس کی اپنی ممانی نکلی ۔ ممانی ماریہ نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ کالا کمالا کے رہائشی مقتول سلیمان کے لواحقین نے اُنتیس دسمبر کو تھانہ ڈنگہ میں اپنے سترہ ماہ کے بیٹے کی گمشدگی کی درخواست دی جس پر پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔  بس پھر کیا تھا کڑی سے کڑی ملتی گئی اور انتہائی خوفناک انکشاف ہوا۔ سترہ ماہ کے معصوم سلیمان کی لاش دو دن بعد اُس کے اپنے ہی گھر کے سامنے سے  برآمد ہوئی اور قتل کرنے والا کوئی اور نہیں اس کی اپنی ممانی ماریہ نکلی۔ دوسری طرف ڈی پی او گجرات علی محسن نے نائینٹی ٹو  نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماریہ نے سلیمان کو گھریلو ناچاقی کی بنیاد پر بدلہ لینے کے لئے قتل کیا جبکہ  سلیمان کی ماں جس کی گود اجاڑ دی گئی انصاف کے لئے آہ و بکا کرتی ہے۔ تاہم تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے لیکن سوال یہ ہے ماریہ نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا ؟ ۔