Saturday, April 20, 2024

گجرات کی رہائشی لڑکی میں کرونا وائرس کا شبہ ،اسپتال منتقل

گجرات کی رہائشی لڑکی میں کرونا وائرس کا شبہ ،اسپتال منتقل
February 6, 2020
سیالکوٹ( 92 نیوز) گجرات کی رہائشی 21 سالہ لڑکی میں کرونا وائرس کا شبہ پایا گیا جس پر ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد  کرونا وائرس کی تشخیص کا مشورہ دے دیا ، ادھر  چین سے آنیوالے سلیمان خان نامی مسافر کو بخار کے باعث پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گجرات  کی  21 سالہ ماہ رخ  دو فروری کو چین سے واپس آئی تھی جس کو کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سیالکوٹ کے علامہ اقبال  میموریل ٹیچنگ اسپتال منتقل  کردیا گیا ہے ، ماہ رخ چین میں ایم بی بی ایس  کے دوسرے سال کی طالبہ ہیں۔ ادھر چین سے ایک اور فلائیٹ نیو  اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی ہے تمام  مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی گئی جس کے بعد سلیمان خان نامی مسافر   کو بخار  کے باعث پمز اسپتال  کے آئسولیشن وارڈ  منتقل کردیا گیا ہے، سلیمان کا تعلق پشاور سے ہے۔ دوسری جانب چین کے صوبہ ہوبئی میں پھنسے طلبہ سمیت 2500 پاکستانی شہریوں نے چیئرمین سینیٹ کے نام مشترکہ خط لکھ دیا جس میں جلد از جلد چین سے انخلا یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔