Thursday, March 28, 2024

گجرات میں بیس سالہ نوجوان پولیس کے مبینہ تشدد سے جاں بحق

گجرات میں بیس سالہ نوجوان پولیس کے مبینہ تشدد سے جاں بحق
October 20, 2020
 گجرات (92 نیوز) گجرات میں بیس سالہ نوجوان پولیس کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔ مرنے والے کو پولیس نے چوری کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا۔ سخاوت علی کو تھانہ ککرالی پولیس نے چند دن قبل موبائل چوری کے شُبہ میں گرفتار کیا۔ لواحقین کے مطابق پولیس اہلکار سخاوت پر تشدد کرتے رہے ، حالت غیر ہونے پر لواحقین کو تھانہ بلا کر نوجوان کو ان کے حوالے کیا۔ سخاوت کے عزیز نے الزام لگایا کہ ایس ایچ او ککرالی ایک ظالم شخص ہے اور وہ رشوت کی بنا پر کام کرتا تھا۔ لواحقین نے پولیس تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے خلاف جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے بتایا قانون ہاتھ میں لینے والے کسی اہلکار کو معاف نہیں کیا جائےگا۔ انسپکٹر لیاقت گجر کو معطل کر کے نیا ایس ایچ او لگا دیا ہے۔ ادھر آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔