Saturday, May 11, 2024

گجر پورہ زیادتی کیس، ملزم عابد 12 روز بعد بھی قانون کے شکنجے میں نہ آسکا

گجر پورہ زیادتی کیس، ملزم عابد 12 روز بعد بھی قانون کے شکنجے میں نہ آسکا
September 21, 2020
لاہور (92 نیوز) گجر پورہ زیادتی کیس میں ملزم عابد 12 روز بعد بھی قانون کے شکنجے میں نہ آسکا۔ ،ذرائع کے مطابق ملزم عابد ملہی فون استعمال نہیں کر رہا ہے جس کی وجہ سے لوکیشن ٹریس نہیں ہو رہی۔ ذرائع کے مطابق پولیس عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے مخبر پر منحصر کرنے لگی۔ مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری میں ناکامی کے بعد پولیس نے پمفلٹ تیار کر لیا۔ عابد ملہی کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے پمفلٹ پر 25 لاکھ انعام بھی درج ہے۔ پولیس نے عابد ملہی کے 2 متوقع حلیہ جات کی تصاویر پمفلٹ پر لگا دیں ۔ ایک تصویر عابد ملہی کے ہلکے بال اور کلین شیو کے ساتھ جاری کی گئی ۔ دوسری تصویر میں مرکزی ملزم کے گھنے بال اور فرینچ دکھائی گئی ہے ۔ عابد ملہی کی گرفتاری کی اطلاع کے لیے 2 موبائل نمبرز بھی جاری کیئے گئے ہیں۔ ایس پی سی آئی اے لاہور عاصم افتخار اور ڈی ایس پی حسنین حیدر کے موبائل نمبرز جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے عابد ملہی کی گرفتاری پنجاب پولیس کے لیے چیلنج بن چکی ہے ۔ شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں عابد کی گرفتاری کے دوران پولیس کو ناکامی کا سامنا رہا۔ زیادتی کیس کا دوسرا ملزم شفقت بگا کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔