Sunday, May 5, 2024

گج ڈیم کی تعمیر کا معاملہ ، وزیر خزانہ، توانائی اورسیکریٹری کابینہ ڈویژن طلب

گج ڈیم کی تعمیر کا معاملہ ، وزیر خزانہ، توانائی اورسیکریٹری کابینہ ڈویژن طلب
January 11, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نئی گج ڈیم کی تعمیر کے معاملے میں اہم پیشرفت ہو گئی۔ عدالت نے وزیرخزانہ ، وزیر توانائی اور سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو بھی طلب کر لیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق بہت سی چیزیں فائنل ہو چکی  ہیں۔ خواہش تھی یہ معاملہ ان کی موجودگی میں ہو جاتا۔ بہت ساری خواہشات صرف خواہشات ہی رہ جاتی ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکومت سے نئی گج ڈیم کی تعمیرسے متعلق مکمل شیڈول بھی طلب کر لیا۔ سیکرٹری پلاننگ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات ایکنک کو بھجوا دی ہیں۔ سیکرٹری خزانہ کو ایکنک اجلاس جلد طلب کرنے کا بھی کہا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معاملہ تو پھر ایکنک میں پھنس جائے گا۔ سیکرٹری پلاننگ کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کریں گے سترہ جنوری سے پہلے ایکنک کی میٹنگ ہوجائے۔ عدالتی معاون نےآگاہ کیا کہ متعلقہ وزرا نے معاملہ انسانی حقوق کے طور پر سننے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عدالت نے کمیٹی کارروائی کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا  حکومت تاریخ بتائے کب تک یہ سارا عمل مکمل ہو جائے گا۔ اس کے بعد کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔